ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بلڈوزرکی کارروائی کیخلاف برندا کرات سپریم کورٹ سے رجوع

بلڈوزرکی کارروائی کیخلاف برندا کرات سپریم کورٹ سے رجوع

Sun, 08 May 2022 13:20:26    S.O. News Service

نئی دہلی، 8؍مئی (ایس او نیوز؍ ایجنسی) دہلی بی جے پی صدر آدیش گپتا کی طرف سے لکھے گئے خط کے بعد کارپوریشنوں کی طرف سے غیر قانونی تعمیرات  کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے اور تین دن پہلے جنوبی دہلی کے سنگم وہار میں بلڈوزر  چلایا گیا ہے ۔ اس معاملے میں ایک ہی کمیونٹی کی مسلسل نشانہ بنانے کے الزامات بھی لگ رہے ہیں اور گزشتہ دنوں جہانگیر پوری میں جو کچھ ہوا اسے سپریم کورٹ کی نظر میں لانے اور یہ کارروائیاں رکوانے کے لئے سی پی ایم کی سینئر لیڈر برندا کرات نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ انہوں نے اپنی عرضی میں  بتایا ہے کہ میونسپل کارپوریشن کی طرف سے چلائی جا رہی یہ مہم 13مئی تک جاری رہے گی جس کے دوران سیکڑوں مکانات غیر قانونی تعمیرات کے نام پر ڈھائے جائیں گے اور ان میں ممکنہ طور پر ایک ہی فرقہ کے افراد کے مکانات اور دکانیں زیادہ ہوں گی۔  اس غیر انسانی کارروائی کو روکنے کی اشد ضرورت ہے کیوں کہ یہ صرف اور صرف انتقامی جذبے کے تحت ہو رہا ہے۔ برندا کرات نے سپریم کورٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے میں فوری نوٹس لے اور کارروائی کو فوراً رکوائے۔ 

 کرات کی عرضی میں کہا گیا ہے کہ جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن کے حکام نے کچی بستیوں کو گرانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اگلے ہفتے اس پر عمل درآمد ہونے جا رہا ہے۔ کچھ ایسی ہی کارروائی شاہین باغ میں بھی ہونے کا امکان ہے۔ ۴؍مئی کو سنگم وہار میں غریبوں کے گھروں پر بلڈوزر چلایا گیا تھا اور اب پیر تک اوکھلا( شاہین باغ) میں بھی ایسا ہی کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ سخت نا انصافی ہے کہ جو لوگ برسوں سے یہاں رہ رہے ہیں ان کے مکانات اور دکانوں کو غیر قانونی قرار دے کران پر بلڈوزر چلادیا جائے۔ اس نا انصافی کے خلاف سی پی ایم نے سڑک پر بھی آواز بلند کی ہے اور اب عدالت کی توجہ بھی اس جانب مبذول کروانا چاہتی ہے۔خیال رہے کہ دہلی بی جے پی کے صدر آدیش گپتا نے جنوبی اور شمالی دہلی کارپوریشنوں  کے میئرس کو ایک خط لکھا تھا۔ جس میں انہوں نے مبینہ روہنگیا، بنگلہ دیشیوں اور سماج دشمن عناصر کی تعمیرات کو ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔


Share: